بنگلہ دیش: عبوری حکومت کے سربراہ کا اصلاحات سے قبل الیکشن نہ کرانے کا اعلان

ڈھاکہ (صباح نیوز)بنگلہ دیش کے عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے بنگلہ دیش میں عام انتخابات کی مدت کے حوالے سے مقررہ وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے ملک میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بنگلہ دیشی اخبار پروتھوم آلو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی طویل عرصے تک حکومت میں نہیں رہنا چاہتا، ملک میں اصلاحات ضروری ہیں، اگر آپ کہتے ہیں کہ الیکشن کرائیں تو ہم تیار ہیں لیکن اصلاحات سے قبل الیکشن کرانا غلط فیصلہ ہوگا۔

محمد یونس کا کہنا تھا کہ انہیں ورثے میں ایک مکمل تباہ حال سسٹم ملا جسے مستقبل میں آمریت کی طرف واپسی سے بچانے کے لیے جامع تبدیلی کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اصلاحات کا مطلب ہے کہ ہم ماضی میں جو ہوا اسے دہرانے نہیں دیں گے۔محمد یونس نے کہا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف کسی بھی قسم کے فوجداری ٹرائل میں حکومتی مداخلت شامل نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام میں ایک دفعہ اصلاحات ہونے کے بعد یہ بات واضح ہو گی کہ کس کا ٹرائل کرنا ہے اور اس کا طریقہ کار کیا ہوگا۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اس بات پر زور دیا کہ وہ میڈیا کی آزادی چاہتے ہیں۔