قومی پرچم نذر آتش، سفارتخانوں پر حملہ کرنے کی وجہ سے پی ٹی ایم پر پابندی لگائی، عطا تارڑ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) نے قومی پرچم نذر آتش کیا، بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں پر حملہ کیا جس کی وجہ سے اس پر پابندی لگائی، پشتون تحفظ موومنٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی سرگرمیاں ملک کے خلاف رہیں۔ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں سے رابطوں کی بنیاد پر پی ڈی ایم پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر طرح کی آزادی ہے، تنقید کریں، مخالفت کریں، کسی قسم کی کوئی قدغن نہیں ہے، لیکن اگر آپ پاکستان کے جھنڈے کو نذر آتش کرنے کی بات کریں گے، سفارتخانوں پر حملوں کی کوشش کریں گے، یا آپ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے رکھیں گے، اور بھی سیاسی جماعتیں پی ٹی ایم کی سپورٹ میں اٹھ آئی ہیں۔پشتون تحفظ موومنٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی سرگرمیاں ملک کے خلاف رہیں،ان کا کہنا تھا کہ پیغام صرف ہے کہ جب کسی بھی تنظیم کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے تو شواہد کی بنیاد پر قرار دیا جاتا ہے، اس کے اندر اور شواہد دیکھے جاتے ہیں کہ دہشت گردی کے لیے مالی معاونت تو نہیں ہے، فنڈنگ کہاں سے ہو رہی ہے، فنڈنگ کے ذرائع اور مقاصد کیا ہیں، پاکستانی ریاست کے خلاف ایک بیانیہ بنایا جا رہا ہے، اس کی اجازت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو پارٹی پی ٹی ایم کے ساتھ کسی سرگرمی میں شریک ہوگی، یہ ان کے لیے بھی ایک وارننگ ہے کہ یہ ایک کالعدم تنظیم ہے۔انہوں نے کہاکہ پشتون تحفظ موومنٹ کو بیرون ملک سے پاکستان مخالف بیانیہ پر فنڈنگ کی جا رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے حملوں میں افغان باشندے ملوث پائے گئے سب چیزیں ثابت ہونے پر پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی گئی، تحقیقات ہو رہی ہیں کہ پی ٹی ایم کو فنڈز کہاں سے آ رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، کسی تنظیم پر پابندی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر لگا ئی جاتی ہے، ابھی بھی وقت ہے کہ قومی دھارے میں واپس آئیں اور ملک کی سالمیت کے لیے کام کریں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کل فلسطین کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی، تحریک انصاف میں اس نے شرکت نہیں کی، امریکا میں بیٹھے ان کے ایک لیڈر نے کہا کہ ہم نے اس میں شرکت نہیں کرنی، کیوں حصہ نہیں لینا، آپ زیک گولڈ اسمتھ کی مہم چلا سکتے ہیں، یعنی آپ کا اپنا مقصد، آپ کا این آر او، آپ کا سیاسی لیڈر اتنا بڑا ہے کہ فلسطین کی اے پی سی میں شریک نہیں ہوتا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے،روپے کی قدر میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ہوئی پختون ہمارے بھائی ہیں، پختونوں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار رہا ہے کسی بھی سیاسی جماعت کو پاکستان پر حملے اور نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کی ہر کسی کو اجازت ہے،پاکستان کی ترقی کے لئے ہر اقدام اٹھائیں گے، ہمارے معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے ہماری معاشی اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزرا اعلی سے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کریں ،پاکستان سے ہماری بقا ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں