اسلام آباد(صباح نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 3رکنی بینچ نے سوموار کے روزفائنل کاز لسٹ میں شامل 5کیسز کی سماعت 22منٹ میں مکمل کرلی۔5کیسز میں سے چار کیسز میں درخواست گزاروں کی جانب سے التواکی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ کمرہ عدالت میں عدالتی عملے کے علاونصف درجن کے قریب ہی وکلاء موجود تھے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ منگل کے روز صبح 9بجکر35منٹ پر کمرہ عدالت میں آیا جبکہ فائنل کاز لسٹ میں شامل 5کیسز کی سماعت 9بجکر 57منٹ پرمکمل کرکے کمرہ عدالت سے واپس چلاگیا۔
چیف جسٹس کی 25اکتوبر کوریٹائرمنٹ کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی وکلاء کی جانب سے التواکی درخواستیں دائر کرنے کاسلسلہ شروع گیا ہے۔ منگل کے روز چیف جسٹس نے دودرخواست گزاروں کے وکلاء کی جانب سے التواکی درخواستیں دائر کرنے پر 5،5ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جبکہ چیف جسٹس نے اپنی ریٹائرمنٹ کی تاریخ کے تناظر میں ایک ایڈووکیٹ آن ریکارڈ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں گارنٹی دیتا ہوں2ہفتے بعد وکیل کی آنکھوں کی تکلیف ٹھیک ہوجائے گی۔