سندھ ہائی کورٹ ، کے الیکٹرک کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست مسترد

کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سند ھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت عدالت نے کہا کہ درخواست مسترد کرنے کی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی، فنانس ایکٹ کے تحت ٹیکس کا نفاذ کیا جاتا ہے، آپ نے فنانس ایکٹ چیلنج کیا؟ ۔

کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ ایڈوانس ٹیکس، اِنکم ٹیکس دینے والے صارفین پر نافذ نہیں ہوتا، اگر درخواست گزار انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں تو ہم سے رابطہ کر لیتے، بجلی ایک قابل فروخت شے ہے جس پر ٹیکس لگتے ہیں، فیول ایڈجسٹمنٹ تیل کی قیمتوں کے مطابق ریگولیٹ ہوتے ہیں۔سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کئی ماہ بعد ہوتے ہیں، اگر کوئی کرایہ دار ہے تو یہ فیول ایڈجسٹمنٹ اس کی حق تلفی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نیپرا درخواست کا جائزہ لے کر فیول ایڈجسٹمنٹ طے کرتا ہے۔جس کے بعد عدالت نے کے الیکٹرک کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔