کراچی دھماکا کے ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیراعظم کی چینی سفیر کو یقین دہانی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے۔وزیراعظم نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں چینی باشندوں کے ہلاک ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہاکہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھنانی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔اس موقع پر چینی سفیر نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔چینی سفیر نے معاملے کی مثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔چینی سفیر نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔