لبنان میں ایک ہسپتال اور طبی عملے پر حملے شدید تشویش ناک ہیں ڈیوڈ لیمی


لندن(صباح نیوز)برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں ایک ہسپتال اور طبی عملے پر حملے کو شدید تشویش ناک قرار دیا ہے۔لیمی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کی طرف سے لبنان میں طبی مراکز اور معاون عملے پر حملے کی خبریں شدید تشویش ناک ہیں۔

انہوں نے تمام فریقین سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق عمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ دونوں طرف فوری جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسرائیلی اور لبنانی شہری اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔لبنانی سرکاری ایجنسی NNA نے اطلاع دی تھی کہ اسرائیل نے شہید صلاح غندور ہسپتال کے کیمپس اور اس کے گرد و نواح کو چار گولوں سے نشانہ بنایا۔ہسپتال کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حملے کے نتیجے میں زیادہ تر شدید زخمی ہیں  جن میں ب عملے کے  9افراد  بھی شامل ہیں۔حملے کے بعد ہسپتال کے عملے کو نکال لیا گیا۔