حماس کے کمانڈرسعید عطا اللہ علی اہلیہ اور دو بیٹیوں سمیت شمالی لبنان میں شہید


بیروت(صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے کمانڈرسعید عطا اللہ علی اہلیہ اور دو  بیٹیوں  سمیت  شمالی لبنان میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں ۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے  عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بتایا ہے کہ کمانڈرسعید عطا اللہ علی کو شمالی لبنان کے شہر طرابلس میں بیداوی کیمپ میں ان کے گھر پر کی گئی وحشیانہ بمباری میں اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں سمیت شہید ہوگئے ہیں۔ ہفتے کے روز فجر کے وقت اسرائیلی جنگی طیاروں نے بیداوی فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں خلیل الرحمن مسجد کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں القسام کے رہنما سعید عطا اللہ، ان کی اہلیہ شیمہ خلیل عزام اور ان کی بیٹیاں زینب اور فاطمہ شہید ہو گئیں۔القسام بریگیڈز نے ایک پریس بیان میں کہا کہ لبنان میں تنظیم کے اہم کمانڈر کی قابض فوج کے بزدلانہ حملے میں شہادت کے بعد سوگ کا اعلان کیا جاتا ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کے ردعمل کا اگلا سلسلہ الفاظ کے بجائے عمل سے ہوگا۔صہیونی دشمنوں کو نہتے فلسطینیوں کو شہید کرنے کی سزا ضرور ملے گی۔