اسلام آباد (صباح نیوز)احتجاج کے دوران پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے شہید ہونیوالے اسلام آباد پولیس اہلکار عبدالحمید کی نماز جنازہ ڈی چوک میں ادا کی گئی جہاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ، ڈی سی اسلام آباد،آئی جی پنجاب ڈکٹرعثمان انور ، آئی جی اسلام آبادعلی ناصررضوی سمیت رینجرز ،ایف سی اور پولیس کے اعلیٰ حکام ،اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں شہید پولیس کانسٹیل عبدالحمید شاہ کی نمازجنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گنڈاپور بھاگے ہوئے ہیں، حراست میں نہیں، اسلام آباد میں ہوئے تو ڈھونڈ لیں گے، پکڑنے کیلئے ناکہ بندی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس سے علی امین گنڈاپور کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے، پولیس نے تین، چار مقدمات پر چھاپے مارے ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ زخمی پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس ہے، شہید پولیس اہلکار کے ورثا کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کو شرپسندوں نے شہید کیا، پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہید کے خاندان میں دو بیٹے ہیں ایک کو پولیس میں نوکری دی جائے گی، شہید کے خاندان کو شہدا پیکیج کے ساتھ ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک جتھہ آیا تھا جو کہہ رہا تھا ہم پرامن تھے، پولیس افسر ڈیوٹی کے دوران شہید ہوئے، جتھے کے جو لوگ زخمی ہوئے بتائیں جو کس ہسپتال میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے ملک دشمنی، یہ ایس ای او اجلاس کو سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے بھارت کے وزیراعظم کو پاکستان آنے کی دعوت دی، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی خود ڈھونڈ رہی ہے، وزیراعلی کی خود ساختہ رو پوشی کو حکومت کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خود ساختہ روپوشی میں ہیں، اگر وہ گرفتار ہوئے تو ثبوت دیں، گنڈاپور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی، اگر گرفتاری ہوتی تو فوٹیج بن جاتی ،ساری دنیا وہاں موجود تھی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، ان کی پوری کوشش ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان رہا نہ ہو، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلا کرڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس وقت میرا صوبہ آگ کی ہولی کھیل رہا ہے اور وزیراعلی کو پتہ ہی نہیں، حکومت امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، جلسے کو کامیاب کرنے کیلئے بھتے لئے گئے، سرکاری مشینری استعمال کی گئی، سرکاری وسائل کے استعمال پر ان کے خلاف انکوائری چل رہی ہے۔