قیدیوں کے تبادلے کے ٹھوس معاہدے کے حصول  کیلئے ہمارے مطالبات حتمی ہیں،فلسطینی تنظیمیں


غزہ (صباح نیوز)فلسطینی تنظیموں  نے  کہا ہے کہ  قیدیوں کے تبادلے کے ٹھوس معاہدے کے حصول  کیلئے ہمارے مطالبات حتمی ہیں۔یہ بات فلسطینی تنظیموں کے ایک بیان میں کہی ہیں ۔

فلسطینی تنظیموں نے کہا کہ قابض صیہونی دشمن کی طرف سے غزہ میں جاری جارحیت روکنے، غزہ کی پٹی سے مکمل انخلا، کراسنگ کھولنے، محاصرہ توڑنے،غزہ کی تعمیر نو اور قیدیوں کے تبادلے کے ٹھوس معاہدے کے حصول کے لئے ہمارے مطالبات حتمی ہیں، ان میں سے کوئی ایک شرط بھی پوری نہ ہوئی تو دشمن کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے نسل کشی کی جنگ فوری طور پر روکنے کے مطالبے کے ساتھ عرب ممالک اور عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ غزہ اور لبنان میں جاری صیہونی جارحیت کو روکیں۔دھڑوں نے یقین دلایا کہ مزاحمت اپنے تمام اجزا کے ساتھ مضبوط اور مستحکم ہے اور تمام محاذوں اور لڑائی کے تمام محوروں پر اعلیٰ اور مسلسل ہم آہنگی میں کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد غزہ کے مستقبل کا حق صرف فلسطینی عوام کے پاس ہے یہ مسئلہ صرف فلسطینیوں کی میز پر ہی زیر بحث ہے۔