وفاقی وزیرداخلہ کا ایک بار پھر ڈی چوک کا دورہ ،صورتحال کا جائزہ لیا

پشاور(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صبح سویرے ایک بار پھر   ڈی چوک کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ،   ڈیوٹی پر موجود پولیس اور ایف سی اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔وفاقی وزیرداخلہ کے ڈی چوک کے دورے کے موقع پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود خواتین اہلکاروں سمیت دیگر سکیورٹی اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے دن رات ڈیوٹی دینے پر سکیورٹی اہلکاروں کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر فخر ہے ، فرائض خوش اسلوبی سے انجام دینے پر تمام اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں، قانون کے رکھوالوں نے قانون کی عملداری یقینی بنائی جس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی اہلکاروں کا مورال بہت بلند ہیں اور ہروقت الرٹ ہیں۔ ہم سب فرض شناسی سے قومی فریضہ نبھانے والے اہلکاروں کے ساتھ ہیں۔