صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا کے وزیر شاہ محمد کی نااہلی کا فیصلہ معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا ہے۔ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر شاہ محمد کی حد تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر شاہ محمد اور ان کے بیٹے پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشید نے نااہلی چیلنج کی تھی، ان دونوں کو الیکشن کمیشن نے یکم فروری کو نااہل کیا تھا۔شاہ محمد کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ حملہ مخالف امیدوار مامور خان وزیر نے شکست دیکھ کر کیا تھا۔

ان کا درخواست کے متن میں مزید کہنا تھا کہ مامور خان وزیر خود حملہ کر کے الیکشن کمیشن میں متاثرہ فریق بن کر آگئے۔شاہ محمد اور مامون الرشید نے ہائی کورٹ سے بدھ کو ہی سماعت کی استدعا کی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے سماعت 11فروری تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو 5 سال کے لیے نا اہل کیا تھا جبکہ ان کے بیٹے مامون رشید کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔گزشتہ سال دسمبر میں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران پولنگ سے ایک روز قبل پولنگ سٹیشنز پر حملہ اور پولنگ کے عملے کو انتخابی مواد سمیت اغوا کر لیا گیا تھا۔اس معاملے پر الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں شاہ محمد اور ان کے بیٹے مامون رشید کو ان واقعات میں ملوث قرار دیا تھا۔