اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اساتذہ کے کردار کو معاشرتی تعمیر و ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے، جو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے انبیا کرام کو عطا کیا گیا،ایک استاد قوم کو تاریکی سے نکال کر علم کی روشنی میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کیا، جو ہر سال 5 اکتوبر کو دنیا بھر میں احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام قوم کے معمار ہیں، جو علم و آگاہی کے ذریعے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام علم کے حصول کی تاکید کرتا ہے اور اساتذہ نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ آج کا دن ان عظیم شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرنے کا دن ہے، جو اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے ایک تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اساتذہ کو ان کا جائز مقام دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ تدریس ایک پیغمبری پیشہ ہے اور اس سے منسلک ہونا ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار بے حد اہم ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اسلام میں اساتذہ کو روحانی والدین کا درجہ حاصل ہے اور ان کی عزت و تکریم ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں، وہ ہمارے اساتذہ کی محنت، تعلیم اور تربیت کی بدولت ہیں ۔