اسرائیل عمران خان کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایٹمی قوت ہونے کے ناطے اسرائیل پاکستان پر حملہ نہیں کرسکتا، لیکن عمران خان کے ذریعے ہم پر حملہ آور ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیل ڈائریکٹ پاکستان کے ساتھ پنگا نہیں لے سکتا، لیکن عمران خان کو چھوڑا ہوا ہے جو یہودی لابی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اسرائیل کا ایجنڈا بانی پی ٹی آئی پورا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2014 میں سی پیک پر دستخط ہورہے تھے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان حملہ آور تھے، اب پھر انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس پر احتجاج شروع کردیا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عوام خود سمجھدار ہیں، تانے بانے جوڑ لیں یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، لیکن اب زیادہ دیر نہیں لگے گی عوام کو آہستہ آہستہ سمجھ آرہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی 126دن دھرنا دے کر انتشار پھیلایا آج پھر انتشاری سیاست کررہے ہیں۔ دہائیوں کے بعد پاکستان میں ایس سی او کانفرنس ہونے جارہی ہے تو انتشار پھیلانا شروع کردیا ہے۔