صوبہ بلوچستان میں آزادی صحافت،آزادی اظہار رائے اورپریس کی آزادی کے آئینی حق کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے،سی پی این ای

پشاور(صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز( سی پی این ای) نے اپنی قرارداد میں وزیراعلی بلوچستان سرفرازبگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں آزادی صحافت اور پریس کی آزادی کو آئینی حق کی روشنی میں جمہوری بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ سی پی این ای کے صدر،سینئر نائب صدر،سیکریٹری جنرل اور تمام اراکین اسٹینڈنگ نے صوبہ بلوچستان میں سرکاری حکام کی جانب سے اختلافی آوازوں پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے پریس کو دبانے کی کوشش کو تشویشناک قراردیا۔

اس موقع پر ایک قرارداد میں بلوچستان میں حکومتی اقدامات اور پالیسیوں سے اختلاف کرنے والے صحافیوں کودھمکیاں موصول ہونے کے واقعات،کوئٹہ پریس کلب کی جبری تالابندی اوراس میں پریس کانفرنس کو اجازت نامے سے مشروط کرکے بحالی،اختلاف رائے پراخبارات و جرائد کو اشتہارات کے حق سے محروم کرنے،ناقد صحافیوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے اور جبری زبان بندی جیسے غیرجمہوری،غیر آئینی اور آمرانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیاکہ صوبہ بلوچستان میں آزادی صحافت،آزادی اظہار رائے اورپریس کی آزادی کے آئینی حق کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔قرارداد میں پاکستان کی سالمیت، استحکام اوراتحاد سے تجدید عہد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ حب الوطنی سی پی این ای کا ایمان،جمہوریت راستہ اورآزادی صحافت کا دفاع اولین نصب العین ہے۔