اسلام آباد(صباح نیوز) آل پارٹیز حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل میڈیا ونگ کے زیراہتمام حریت رہنماافضل گرو شہید اور شہید محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں حریت کانفرنس کے قائدین محمد فاروق رحمانی ، سید فیض نقشبندی،سرور حسین گلگتی ، محمود احمد ساغر ، پرویز احمد ایڈووکیٹ، عبد المجید میر ، عبد المجید ملک ، شمیم شال راجہ خان افسر خان ، نجیب الغفور خان سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے شہداکی تحریکی خدمات کو اجاگر کیا۔قائدین نے کہا کہ بھارت نے اخلاقی اور آئینی حدود کو پامال کر کے محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 اور افضل گرو کو 9 فروری 2013 کو شہید کیا۔
قائدین نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کیلیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور دئیے جا رہے ہیں بھارت تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام رہا ہے اس لئے بھارت کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوے ایسے حالات پیدا کرے جس سے مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل ہو سکے۔
اس موقع پر شہید محمد مقبول بٹ اور شہید افضل گرو سمیت تمام شہداکشمیر کے درجات کی سربلندی کیلیے دعا کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔قائدین نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے حریت قائدین پر بے بنیاد مقدمات کا نوٹس لے اور ان عدالتی قتل کس سلسلہ رکوانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔
مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اقوام عالم بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آر ایس ایس کے چنگل سے چھڑوانے کے لیے کردار ادا کرے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کروائے۔