کراچی(صباح نیوز)آغوش گلشن معمار میں مقیم بچوں کیلئے جلسہ سیرت النبی کا اہتمام کیا گیا ،جس میں بچوں نے سیرت کے موضوع پر تقاریر اور نعت پیش کیں ۔اس موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو کہانی کی صورت میں بیان کیا گیاجسے بچوں نے انتہائی دلچسپی سے سنا ۔
اس موقع پر منیجر آغوش کراچی مصعب بن عبدالقادر اور دیگر بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی اسکالر و ڈائریکٹر گلوبل سپلائز الخدمت ہیلتھ فاو نڈیشن پاکستان انجینئر صابر احمد نے سیرت النبی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہانبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سچ کو بہت اہمیت دیتے ، اسے مسلمانوں کیلئے پسند فرماتے اور سچ بولنے کی تعلیم دیتے ۔آپ امانت دار تھے ،اگر کسی کی امانت آپ کے پاس ہوتی اس کی حفاظت فرمائے اور اسے بحفاظت لوگوں تک واپس لوٹا دیتے ۔آپ صادق و امین کے ناموں سے مشہور تھے ،دشمن بھی آپ کو صادق و امین کے طور پر جانتے تھے ۔
انجینئر صابر احمد نے کہا کہ ضروری ہے کہ بچے ہوں یا بڑے ہمیشہ سچ پولیں ،یہی نبی پاک کی تعلیم ہے اور اسی تعلیم میں عمل سے کامیابی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنی کریم نے کبھی کسی کو تکلیف نہیں پہنچائی ،نہ ہی کسی کی دل آزاری کی ۔ آپ بچوں کو بھی چاہیے کہ وہ نبی پاک کی سنت پر عمل کریں ،ہمیشہ سچ بولیں ،امانت دار رہیں ۔دین اسلام میں مایوسی کفر ہے ،اللہ نے ہمیں مسلمان بنایا ،مسلمان گھرانوں میں پیدا کیا ،یہ اللہ کا ہم پر احسان ہے ، مایوسی پر بچیں ۔دشمنوں نے بنی پاک کے راستے میں مشکلات پیدا کیں لیکن آپ نے دین کو نہیں چھوڑادین پر قائم ودائم رہے ۔ انجینئر صابراحمد نے بچوں سے کہاکہ اپنے اخلاق کو اچھا بنائیں اور بنی پاک کی تعلیمات پر عمل کریں ،اس سے آخرت کی نجات ہے ۔