حزب اللہ کے خلاف زمین، فضا اور سمندر میں موجود تمام قوت کو استعمال کریں گے، اسرائیلی وزیر دفاع یوآوو گیلانٹ

تل ابیب (صباح نیوز)اسرائیلی وزیر دفاع یوآوو گیلانٹ نے دھمکی دی ہے کہ ہم  حزب اللہ کے   خلاف زمین، فضا اور سمندر میں موجود تمام قوت کو استعمال کریں گے۔ بی بی سی کے مطابق پیر کو لبنانی سرحد کے قریب  اسرائیلی فوجی جوانوں سے ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم شمالی اسرائیل کے بے گھر شہریوں کو دستیاب تمام وسائل و اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے واپس ان کے گھروں میں بھیجیں گے۔

ان کے دورہ کی ایک مختصر ویڈیو میں انھیں فوجی جوانوں کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہم تمام وسائل استعمال کریں گے اور اگر دوسری جانب کوئی یہ نہیں جانتا کہ تمام وسائل کیا ہیں تو اس کا مطلب تمام دستیاب وسائل ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر سب کچھ کرنے کی ضرورت پڑی تو ہم کریں گے، اور ہم زمین، فضا اور سمندر میں موجود تمام قوت کو استعمال کریں گے۔