اسپیکرسردار ایاز صادق کی اسرائیل کے فلسطین، یمن لبنان پر حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے  اسرائیل کے فلسطین، یمن لبنان پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے  اسرائیل کے ہاتھوں لبنان کے معصوم شہریوں کے قتل عام پر گہرے دکھ اور افسوس  اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت ،ہمدردی کا اظہارکیا ہے ۔ اپنے ایک بیان  سردار ایاز صادق  نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین اور لبنان کے معصوم شہریوں کے قتل عام پر دل فسردہ ہے،  پاکستان کی عوام کے دل فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں،مشکل گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،

سردار ایاز صادق نے کہا کہ  اسرائیل کا فلسطین اور یمن کے بعد لبنان پر جاری فضائی حملے خطے میں جنگی جنوں کا منہ بولتے ثبوت ہیں،  اسرائیل کا جارہانہ رویہ نا صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک خطرہ بن چکا ہے،اسرائیل کے جنگی جنوں نے خطے کے امن کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ  فلسطین میں 42 ہزار معصوم شہریوں کے قتل عام کے باوجود اسرائیل کا جنگی جنوں مکمل نہیں ہوا، اسرائیل کے ہاتھ فلسطین اور لبنان کے معصوم بچوں اور بزرگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،اسرائیل نے فلسطین کے بعد یمن اور لبنان پر حملہ کر کہ دنیا کے امن کو چیلنج کیا ہوا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ  اسرائیل کا جنگ بندی سے انکار خطے کو جنگ و جدل میں دھکیلنے کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسرائیل کے مذموم مقاصد سے مشرق وسطی کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، سردار ایاز صادق   نے کہا کہ نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کے فورم پر کھڑے ہوکر دنیا کو دھمکیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں،مسلم امہ کو فلسطین، یمن اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنی خاموشی توڑنا ہو گی،مسلم امہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف کھل کر اوز بلند کرنا ہو گی، اسرائیل کی فلسطین اور لبنان پر جارحانہ جارحیت اور قتل عام نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ  اقوام عالم کو اسرائیل کے جارحانہ عزائم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے، اسرائیل کے مذموم عزائم کو نا روکا گیا تو یہ جنگ پوری خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔