ملتان (صباح نیوز)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کو خیبرپختونخوا کے امن سے کوئی سروکار نہیں،صوبائی حکومت امن قائم کرنے میں ناکام ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت میں بے امنی بڑھ رہی ہے، کے پی کے حکومت امن قائم کرنے میں ناکام ہے، صوبے کے وزیراعلی کو جلسے جلوسوں سے فرصت نہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج جو لوگ سڑکوں پر ہیں انہیں ہم نے پرامن پاکستان دیا تھا، کے پی حکومت کو 6 سو ارب سیکیورٹی کے لیے ملے لیکن پولیس کے پاس وسائل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت ایک نعرے پر چل رہی ہے وہ کرپشن کرپشن کرپشن ہے، پشاور بی آر ٹی میں کرپشن سامنے آئی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اتحادی حکومتوں میں مسائل ہوتے ہیں، گلے شکوؤں کو دور کریں گے، بلاول بھٹو نے جنرل الیکشن میں جو مہم چلائی شاید ہی وہ کسی نے چلائی ہو۔انہوں نے کہا کہ آئینی عدالتوں کے قیام کے لیے بلاول بھٹو جگہ جگہ جا رہے ہیں، وسیب کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا۔