اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے خدا بدان میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔آصف زرداری نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں، عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔
وزیراعظم نے فائرنگ کی نتیجے میں زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معصوم اور بے گناہ مزدور خدا بدان، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے، محنت کشوں اور مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلی بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔