پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ سے جاپان کے سفیر مٹسو ہیروواڈا کی ملاقات

لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا  (Mr.Mitsuhiro Wada)نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات کومزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہیں۔جاپان اقوام عالم میں اپنی محنت اور لگن سے نمایاں ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے جاپان کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم بھی بڑھانے کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں۔تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری میں جاپان کا پنجاب حکومت سے تعاون لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول اور مراعات دے رہے ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ سینیٹرپرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری اور دیگر موجود تھے