حماس کی القدس کے دفاع کے لیے تمام توانائیوں کو مجتمع کرنے کی اپیل

غزہ (صباح نیوز)حماس کے رہنما محمود مرداوی نے فلسطینی عوام، خصوصا مغربی کنارے، القدس اور اندرونِ مقبوضہ علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصی کے دفاع اور اسے قابض حکومت اور نام نہاد ہیکل گروہوں کے منصوبوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اپنے  بیان میں مرداوی نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام اور مغربی کنارے کے بہادران، قابض حکومت کو مسجد اقصی کے خلاف اپنی ناپاک سازشیں کامیاب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “معرکہ طوفان الاقصی” اس مقدس مسجد کے دفاع کے لیے شروع کیا گیا، جو قابض حکومت اور انتہاپسند گروہوں کی طرف سے وجودی خطرات سے دوچار ہے، جنہیں مجرم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے۔مرداوی نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی قوم مسجد اقصی کے دفاع کے لیے اپنی ہر ممکن قربانی دے گی، کیونکہ قابض حکومت کی جانب سے کی جانے والی جارحانہ کارروائیوں نے تمام حدود پار کر لی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2000 میں اقصی انتفاضہ شارون کے مسجد اقصی میں داخل ہونے کے بعد شروع ہوئی، جو فلسطینی عوام کا واضح پیغام تھا کہ وہ مسجد اقصی کی یہودیت ہرگز برداشت نہیں کریں گے، چاہے انہیں کتنی ہی قربانیاں دینی پڑیں۔

حماس کے رہنما نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ قابض افواج اور آبادکاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے اور مسجد اقصی کے دفاع کے لیے ہر ممکنہ وسائل اور طریقوں کا استعمال کیا جائے تاکہ اسے قابض حکومت کے ظلم و ستم سے محفوظ رکھا جا سکے۔قابض حکومت کے حمایت یافتہ نام نہاد ہیکل گروہوں کی جانب سے اگلے ماہ اکتوبر 2024 میں اپنے مذہبی تہواروں کے دوران مسجد اقصی پر سب سے بڑے حملے کی تیاری کی جا رہی ہے، جو 3 سے 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔