حماس  کی جنوبی لبنان کے علاقے الضاحیہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید  مذمت


  مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے جنوبی لبنان کے علاقے الضاحیہ میں وحشیانہ صیہونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت  کی ہے ، عالمی برادری سے صہیونی جارحیت روکنے کے لیے کردار اداکرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
حماس کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا کہ بزدل صیہونی دشمن نے الضاحیہ کے علاقے  میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے اور یہ دعویٰ کیا کہ وہاں پر حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ موجود تھے جنہیں نشانہ بنایا گیا ۔حماس نے کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت اورغزہ کی پٹی میں ہونے والی نسل کشی کے خلاف اس کے موقف کی وجہ سے برادر لبنانی عوام کے خلاف بڑھتی ہوئی صیہونی دہشت گردی اور اس کے نتیجے میں بہنے والا خون ان دونوں ملکوں میں برابر بہہ رہا ہے۔ فلسطین اور لبنان عرب اور مسلمان ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خاموشی توڑیں،تمام بین الاقوامی فورمز پر امریکی تعصب اور اس وحشیانہ جارحیت کی حمایت کو مسترد کرے۔حماس نے برادر لبنانی عوام اور حزب اللہ کے برادر مجا ہدین اور لبنان میں اسلامی مزاحمت کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔