لاہور(صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ، جیل میں بیٹھے فتنے کو ملک کا سکون اچھا نہیں لگتا ، جب ملک کے حالات بہتر ہونے لگتے ہیں توان کا فتنہ فساد شروع ہوجاتا ہے، فتنہ گروپ کو راولپنڈی میں کسی تماشے کی اجازت نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑا، انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستانی قوم کی ترجمانی کی ، پوری دنیا نے کشمیر فلسطین پر پاکستان کے واضح موقف کو سنا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کا بائیکاٹ کیاجس کی تقلید کرتے ہوئے باقی ممالک نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کا بائیکاٹ کیا، اقوام متحدہ کے باہر تماشہ لگانے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جب ملک کے حالات بہتر ہونے لگتے ہیں توان کا فتنہ فساد شروع ہوجاتا ہے، جیل میں بیٹھے فتنے کو ملک کا سکون اچھا نہیں لگتا ، راولپنڈی میں فساد کا پروگرام بنایا گیا ہے، رینجرز تعینات ہے اور دفعہ 144 نافذ ہے کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلی کے پی کو اپنے صوبے کی کوئی پرواہ نہیں ہے، کسی وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں فائل ہونی چاہیے یا بندوق؟ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، راولپنڈی میں یلغار کا پروگرام بنایا ہواہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پٹرول بم چلانے کی اجازت آپ کو نہیں دی جاسکتی ، سڑکیں،چوراہے بند کرنے کی کوشش پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ا نہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوگیا پہلی قسط بھی مل گئی، آئی ایم ایف سے قرضے کی پہلی قسط ملنے پر معاشی حالت مستحکم ہوگی۔