ملک میں فسطائیت کا ماحول مسلط ہے ، سینیٹرشبلی فراز

اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں فسطائیت کا ماحول بنا ہوا ہے، سیاسی اور آئینی طور پر کھلواڑ کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی پر جتنے بھی مقدمات بنائے گئے وہ ایک ایک کر کے ختم ہو گئے، ان پر صرف توشہ خانہ کا کیس ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما رہنما شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس وقت توشہ خانہ کا کیس وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پاس ہے، القادر یونیورسٹی اور توشہ خانہ کیس بے بنیاد ہیں، باقی تمام کیسز میں بانی پی ٹی آئی کو رہائی مل گئی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ بشری بی بی کے کیسز جان بوجھ کر لٹکائے جا رہے ہیں، بشری بی بی کو فقط اس لئے سزا دی جا رہی کہ بانی پی ٹی آئی کو تکلیف پہنچائی جائے، آپ نے سزا دینی ہے تو دے دیں، کیسز کو جان بوجھ کر تاخیر کا شکار نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بشری بی بی پر صرف ایک کیس ہے، جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرکے بشری بی بی کو جیل میں رکھا گیا ہے، بشری بی بی ایک غیر سیاسی خاتون ہیں، بشری بی بی کو جیل میں رکھ کر بانی پی ٹی آئی کو قرب پہنچانے اور کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اگر سزا دینی ہے تو دیں، ان کو خود بھی معلوم ہے اگر سزا سنائی تو دوسری عدالت سے سزا فوری ختم ہو جائے گی، بانی پی ٹی آئی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کوئی نہیں توڑ سکا، ملک میں اس وقت جان اور مال کا تحفظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ایک نامور شخص کو انصاف نہیں مل رہا تو عام شخص کو کیا امید ہو گی، سیاسی ،قانونی اور آئینی طور پر ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، ان آئینی ترامیم کو میں شیطانی ترامیم کہتا ہوں، لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، کوشش کی جارہی ہے لوگ غیر آئینی ترامیم کیلئے ووٹ دیں، ایک خاص حکمران ٹولے کے مفادات کیلئے سارا کھیل رچایا جارہا ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں تذبذب کا ماحول بنا ہوا ہے، تمام سختیوں کے باوجود ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، کل ہمارا احتجاج ہورہا ہے، کوشش کررہے ہیں چیزوں کو آئین وقانون کے دائرے میں رکھتے ہوئے کریں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آئینی ترمیم ملک میں صرف اور صرف ایک فرد واحد کے لئے لائی جارہی ہیں، یہ ترامیم بانی پی ٹی آئی کو مزید نقصان پہنچانے کیلئے لائی جارہی ہیں، ان لوگوں کو پارلیمان میں بھی ایک خاص مقصد کے لئے بٹھایا گیا ہے، جب تک پی ٹی آئی موجود ہے ہم آخری سانس تک ان ترامیم کی مخالفت کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں پارلیمنٹ کے اندر سے ایم این ایز کو اٹھایا گیا، پہلے یہ باہر سے حملہ کر رہے تھے اب پارلیمنٹ میں رہتے ہوئے کررہے ہیں، ہم آئین کے تحفظ کے لئے ملک میں موجود ہیں،ہمارے ایم این ایز کے نمبرز پورے ہیں، ہمارے ایم این ایز ہمارے بغیر کہیں نہیں جاسکتے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ الیکشن کمیشن پارٹی بن چکا ہے، ملک میں بحران صرف اور صرف الیکشن کمیشن کی وجہ سے ہے، ہم نے کل جلسہ کرنا تھا لیکن یہ ہمیں جگہ ٹھیک نہیں دیتے، این او سی دے کر یہ راستے بند کر دیتے ہیں، جلسے کا وقت دو بجے دیتے ہیں، کون دن دو بجے جلسہ کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کل لیاقت باغ میں ہم بھر پور احتجاج کرینگے، یہ ہمارا آئینی حق ہے اس کو ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا، جو بھی ملک لوٹنے والوں کو پناہ دے گا وہ ملک کا دشمن ہے۔