اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق نے توہین پارلیمنٹ کی سزا کے بل کو مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دے دی، بل کے تحت توہین پارلیمنٹ کرنے والوں کو چھ ماہ تک قید کی سزا، ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جاسکے۔ قومی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی کے قیام کی سفارش بھی کردی ہے، کمیٹی کو یہ بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ارکان پارلیمان کی فضائی سفر کی سہولت کے لئے سالانہ پی آئی آے کو چار ارب روپے دیئے جاتے ہیں غیراستعمال شدہ ٹکٹس دوبارہ کارآمد ہوتے ہیں لیپس نہیں ہوتے ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کا اجلاس چیئرمین محمد افضل کی زیر صدارت جمعہ کو پارلیمینٹ ہاؤس میں منعقدہوا۔ قومی اسمبلی میں کاروائی اور طریق کار کے قواعد میں نوید قمر کی ترامیم کا جائزہ لیا گیا ،قانون کے تحت صرف نیشنل اسمبلی بجٹ پاس کرتی ہے،سینیٹ میں فنانس بل پر بحث ہوتی ہے اس کے بعد وہ سفارشات دیتی ہے۔ محرک نے کہا کہ جس ایوان نے بجٹ پاس کرنا ہو اس میں سفارشات کے عمل کا کوئی میکانزم نہیں ہے، فنانس بل کو سینیٹ کی طرح نیشنل اسمبلی کی کمیٹی کے سپرد کرنا چاہیئے ۔ فنانس بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بھیجنے کی ترمیم متفقہ طورپر منظور کرلیا گیا ۔ آئینی ترمیمی بل پیش کرنے کی اجازت طلب کرنے کے لئے کم از کم ایک چوتھائی ارکان کے نشستوں پر کھڑے ہوکررائے شماری میں حصہ لینے کی ترمیم کو ذیلی کمیٹی کے سپردکردیا گیا۔
نفیسہ شاہ کی بھی ضابطہ کار میں ترمیم زیر بحث آئی ۔محرک نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جتنے جھگڑے ہوتے ہیں وہ غلط الفاظ کی وجہ سے ہوتے ہیں، ممبر اٹھ کر کہتے ہیں ہم نے چوڑیاں نہیں پہنیں، رانا قاسم نون نے کہا کہ اخلاقیات کمیٹی ہونی چاہیئے نفیسہ شاہ نے بھی ان تائید کی کمیٹی نے ترمیم آئندہ اجلاس کے لئے موخر کردی۔پی آئی اے سے متعلق تحریک استحقاق کے جائزہ کے دوران جی ایم پی آئی اے نے بتایا کہ پارلیمان نے سالانہ ارکان کے فضائی ٹکٹس کے حوالے سے چار ارب روپے ملتے ہیں سابق چیئرمین استحقاق کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ بیوروکریٹک جواب نہ دیں ارکان کے ٹکٹس کیوں لیپس ہوتے قواعد بن چکے ہیں ایسا نہیں ہوگا اس لئے میں آپ کو ،، مسٹر پی آئی اے ،، کہہ رہا ہوں کہ دس سالوں سے آپ ہی کمیٹی میں پیش ہورہے ہو ۔کمیٹی نے پی آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ ارکان کے فضائی ٹکٹس ضائع نہیں ہونے چاہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق نے توہین پارلیمنٹ کی سزا کا بل مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے اسی کمیٹی نے بل تیار کرتے ہوئے دونوں ایوانوں سے سابق دور میں منظوری لی تھی ،توہین پارلیمنٹ کے بل پر سابق صدر نے دستخط نہیں کئے تھے رانا قاسم نون نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے متفقہ طورپر توہین پارلیمنٹ بل مشترکہ اجلاس کو منظوری کے لئے بھیجے کمیٹی نے منظوری دے دی۔ کمیٹی نے ایوان میں ارکان کے نظم وضبط کے حوالے سے اخلاقیات کمیٹی بنانے کی بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو سفارش کردی ہے جب کہ ایوان میں کوریج اور دیگر معاملات پر آئندہ اجلاس میں ایم ڈی پی ٹی وی طلب کرلیا گیا ہے ۔