کراچی(صباح نیوز) اجمل سراج نے اپنی شاعری کے ذریعے لوگوں کو متاثر کیا۔جنہوں نے نظریاتی شاعری کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا مقام پیدا کیا۔اردو ادب کے لئے اجمل سراج کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ان کی اولاد ان کے مشن پر عمل پیرا ہوں۔نیک اولاد والدین کے لئے صدقہ جاریہ بن جاتی ہیں۔یہ بات امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے معروف شاعر اجمل سراج کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ کے ہمراہ تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے نائب امیر عاشق علی خان ،ناظم علاقہ کورنگی شرقی محمد شعیب ایاز ،ناظم نشرواشاعت محمد قاسم جمال ،اجمل سراج کے بھائی سید مہر الدین افضل ،صاحبزادے عبد الرحمان مومن ودیگر اہل خانہ بھی موجود تھے ۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ اجمل سراج نے نوعمری سے شاعری کی اور انھوں نے نظریاتی شاعری کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا مقام پیدا کیا۔وہ انتہائی نفیس اور محبت کرنے والی شخصیت کے مالک تھے اور تحریک اسلامی کا سرمایہ تھے۔ان کی شاعری میں علامہ اقبال ،فیض ،میر کی جھلک نظر آتی تھی۔موت ایک حقیقت ہے ان کی رحلت سے ہر شخص دلگرفتہ ہے لیکن ہر شخص کو اس کا مزا چکنا ہے۔ہم سب کوموت سے پہلے موت کی تیاری کرنا چاہیے ان کی نیک اولاد ان کے لئے صدقہ جاریہ کا کام کرے گی اور اجمل سراج کی ادبی، سماجی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اللہ پاک ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں انھیں صالحین کا قرب عطا فرمائے۔