الخدمت کے تحت ” باہمت بچوں” کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا دوسرا مرحلہ مکمل

کراچی(صباح نیوز)الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا عمل جاری ہے ،دوسرے مرحلہ میں الخدمت اورنگی ،کورنگی ہسپتالوں اور ملیر کے الخدمت میڈیکل سینٹر میں 700باہمت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ مکمل کرلی ہے ۔ دانت ،آنکھوں ،ناک ،کان ،گلے اور جنرل امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے بچوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفید مشورے دئیے ،بعض بچوں کی آنکھوں اور دانتوں کا علاج بھی تجویز کیا گیا جو الخدمت کی جانب سے مفت کیا جائے گا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی، امیر جماعت اسلامی ضلع ائیر پورٹ محمد اشرف ،ٹاؤن چیئرمین ملیر ظفر احمد خان ، یو سی چیئرمین وسیم مرزا ودیگر ذمہ دران نے ملیر میڈیکل سینٹر ،امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری اور ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین،امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی و ٹاؤن چیئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان و الخدمت کے ذمہ دران نے الخدمت اورنگی ہسپتال کا دورہ کیا اور باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کے عمل کا معائنہ کیا ،ڈاکٹروں اور بچوں سے ملاقاتیں بھی کیں ۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ میں اب تک 1000سے زائد باہمت بچوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے ۔الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں 2ہزار 200بچے رجسٹرڈ ہیںجن کی مرحلہ وار ہیلتھ اسکریننگ کی جا رہی ہے ۔ٹاؤن چیئر مین لانڈھی ٹاؤن عبد الجمیل نے الخدمت کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ الخدمت کا یہ بڑا کام ہے کہ وہ ان بچوں کی کفالت کر رہی ہے اور ساتھ ہی ان کی صحت کی بھی فکر کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل خیر کو اس کار خیر میں الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے ۔،امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری نے کہا صحت کی سہولتیں یتیم بچوں کا حق ہیں ،معاشرے کے تمام طبقات میں یہ احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ان یتیم بچوں کا سہار ابنیں ۔الخدمت جو کام کر رہی ہے اس کی کوئی اور نظیر نہیں ۔یوسف محی الدین نے کہا کہ آرفن کیئر پروگرام کے تحت اپنے زیر کفالت بچوں کو تعلیم سمیت ہر شعبے میں خیال رکھا جاتا ہے ۔ان شااللہ ہیلتھ اسکریننگ کو ہمیشہ کی طرح اس سال بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا اور ڈاکٹروں نے جن بچوں کا علاج تجویز کیا ہے وہ الخدمت کے ہسپتالوں سے کروایا جائے گا ۔