اقوام متحدہ ، گروپ سیون ، چین ، برطانیہ کومشرق وسطی میں کشیدگی پر تشویش

نیویارک (صباح نیوز)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس،گروپ سیون  ممالک ، چین اور برطانیہ نے مشرق وسطی میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ نیویارک میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران گروپ سیون کے رکن ممالک نے خبردار کیا ہے کہ “مشرق وسطی میں مزید جارحیت سے کسی ملک کا فائدہ نہیں ہو گا”۔گروپ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “اقدامات اور جوابی  رد عمل کے نتیجے میں تشدد کا یہ خطرناک گول چکر بڑھ سکتا ہے ، یہ پورے مشرق وسطی کو ایک وسیع تر علاقائی تصادم کی طرف لے جا سکتا ہے جس کے نتائج کا تصور نہیں کیا جا سکتا”۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کے روز لبنان کے جنوبی اور مشرقی حصے میں شہریوں کے بھاری جانی نقصان پر “گہری تشویش” کا اظہار کیا ہے۔

دریں اثنا چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے لبنانی ہم منصب عبداللہ بو حبیب سے کہا ہے کہ لبنان کے امن اور خود مختاری کے حوالے سے چین اس کی حمایت کرتا ہے اور وسیع پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد ان خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ دونوں وزرا نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کارروائی کے ضمن میں خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ “ہم شہریوں کے خلاف اندھادھند حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور چین ہمیشہ لبنان کے ساتھ کھڑا رہے گا”۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے پیر کے روز لبنان اور اسرائیل میں راکٹ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت پر “گہری تشویش” کا اظہار کیا ہے۔لیمی نے “ایکس” پلیٹ فارم ہر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ “میں ایک بار پھر دونوں جانب سے فائر بندی کے لیے اپنی دعوت کو دہرا رہا ہوں اور آج رات گروپ سیون کے وزرا سے ملاقات میں بھی میں اسی کو باور کراوں گا”۔