وزیراعظم کا رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان


نوشکی(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر تے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے جوان اکیلے نہیں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، پوری قوم میں یہ اعتماد ہے کہ کسی قسم کی دہشت گردی پاکستان میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے نوشکی میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،  اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد،وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری،مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید وسیم یوسف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  دہشت گردی کے واقعہ کی چین میں خبر ملی، دہشت گردوں کو شکست دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فوج کے جوانوں کو پیغام دینے کیلئے نوشکی آیا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں اپنے جوانوں پر پورا اعتماد ہے، ہمیں اعتماد ہے پاکستان میں کسی قسم کی دہشت گردی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ شہادت بہت بڑا رتبہ ہے اور یہ مسلمان کے لیے بڑا اعزاز ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے جو مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہاکہ غیر ملکی قوتیں پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، بلوچستان میں اتنی ترقی ہوگی کہ دہشتگردوں کی کوئی بات نہیں سنے گا،میں آج نوشکی آکر آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم کو آپ کے اوپر اعتماد ہے اورجس طرح آپ نے2003-04کے بعد ملک کو محفوظ رکھا ہمیں پورا اعتماد ہے کہ کسی قسم کی دہشت گردی ہمارے ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ اس موقع پر انہوں نے رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا بھی اعلان کیا

وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کا دور ہے، مجھے پورا علم ہے دنیا بھر میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے، برطانیہ میں بھی 40 سال بعد مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے، مجھے پورا احساس ہے کہ ہمارا تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مشکل میں ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ ایسے اقدام کررہے ہیں کہ آمدنی میں اضافہ ہو، تیل مہنگا ہوگیا ہے اس کے تمام چیزوں پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، جیسے جیسے حکومت کی آمدنی بڑھے گی تنخواہ داروں کی آمدنی بڑھائیں گے۔

انہوں نے کارپورٹ سیکٹر سے درخواست کی کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔عمران خان نے کہا کہ کسی بھی جمہوری حکومت نے اتنے فنڈ بلوچستان کو نہیں د ئیے جتنے فنڈ ہماری حکومت نے د ئیے، چمن سے کراچی تک براستہ کوئٹہ ایک ہائی وے بنارہے ہیں جو سب سے بڑا پروجیکٹ ہے اس سے صوبے کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا اس منصوبے کے لیے ہم نے پیسے بھی مختص کردیے ہیں، ہماری ٹیکس کلیکشن بڑھ گئی ہے ہم بھی جلد عوام کو مزید ریلیف فراہم کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کے لیے وہ کام کرجائیں گے کہ کوئی انہیں حکومت کے خلاف کھڑا نہیں کرسکے گا اور دہشت گردوں اور دشمن کی بات کوئی نہیں سنے گا، چینی صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک کے اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کا ہوگا، دوسرے فیز انڈسٹریلائزیشن ہے جس میں اسپیشل اکنامک زون بھی شامل ہے، یہ فیز ٹیکنالوجی کا ہے ساتھ ہی چین زراعت میں ہمارے مدد کررہا ہے، اگر چین کی مدد سے ہماری زراعت بڑھ گئی تو ہم مزید ایکپسورٹ کے قابل ہوں گے کیوں ہماری اکثریت زراعت پر منحصر ہے