جماعت اسلامی نے عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے قومی ایجنڈا تشکیل دیا ہے،منعم ظفر خان

کراچی(صبا ح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم کے سلسلے میں ضلع کورنگی کے دورے  کے دوران مختلف علاقوں میں ممبر شپ کیمپوں پر خطاب اور علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک وسیع ہوکر پورے ملک کے عوام کے حقوق کی تحریک بن گئی ہے، جماعت اسلامی نے عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے قومی ایجنڈا تشکیل دیا ہے اور اسی کی بنیاد پر ملک بھر میں عوامی رابطہ وممبر شپ جاری ہے ، مردوخواتین ، نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر بنیں ،طاقت بنیں اور اس حکمران ٹولے سے نجات کی جدوجہد کا حصہ بنیں جس نے ملک اور قوم کو بیرونی قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔ بجلی کے بل عوام پر بم بن کر برس رہے ہیں ، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف زبردست عوامی تحریک چلائی اور اہل کراچی کی حقیقی ترجمان بنی جبکہ ہر حکومت اورحکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کی سہولت کار بنی رہیں ، قومی سطح پر جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے مسئلہ کو اٹھایا اور ان کی لوٹ مار عوام کے سامنے لائی ، آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے 1994سے شروع کیے گئے ، جن میں پیپلز پارٹی ، ن لیگ ،ق لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتیں شامل رہی ہیں اور ایم کیو ایم بھی ہر حکومت کا حصہ رہی ہے ، ان آئی پی پیز کے خلاف کسی پارٹی نے کبھی آواز نہیں اٹھائی کیونکہ ان کے مالکان حکومتوں میں شامل رہے ہیں ، ان کو دی جانے والی رقم آج قومی دفاعی بجٹ سے بھی  زیادہ ہو کر 2ہزار ارب روپے تک پہنچ گئی ہے ، اب عوام یہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں ہیں ، ان عوام دشمن معاہدوں سے جان چھڑانی ہوگی ۔

منعم ظفر خان نے ضلع کورنگی کے علاقے بلال کالونی، پختونخواہ چوک،لیبر اسکوائر، کورنگی ساڑھے تین،33ڈی،33ای،کورنگی کے ایریا ڈبل روم،انوارالعلوم اتحاد کالونی،پاسبان چوک سوکواٹر،چار پول ساڑھے پانچ نمبر،بابر مارکیٹ لانڈھی،اماں ٹاور و کورنگی کراسنگ کا دورہ کیا۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی و ٹائون چیئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان، ضلعی نائب امراء چوہدری سرفراز احمد،عاشق علی خان،عارف رحمان،سیکریٹری  ضلع عبدالحفیظ،  چیئرمین لانڈھی ٹاؤن کے کو آرڈی نیٹر سید اقبال سعید،ڈپٹی سیکریٹری سید آصف علی،سید اورنگ زیب حیدر، منصور فیروز،اختر حسین قریشی،قاری منصور احمد،جے آئی یوتھ کے صدر ارشد حسین قریشی ، ناظمین علاقہ جات عبدالجبار اعوان،عمیر چوہان،حسیب احمد خان،عبدالرحمان،ساجد عثمانی،محمد عمران،زبیر ظفر،عزیز اللہ خان نیازی و دیگر ذمہ داران ،

جماعت اسلامی کے یوسیز چیئرمین،وائس چیئرمین اور کونسلرز کی بھی بڑی تعداد موجود تھی،جبکہ اس موقع پر انجمن تاجران بابر مارکیٹ،اماں ٹاور مارکیٹ،کورنگی کے ایریا مارکیٹ کے تاجروں نے منعم ظفر خان کو پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے بھی پیش کئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی۔علاوہ ازیں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر سیف الدین ایڈوکیٹ نے ضلع گلبرگ وسطی ، نائب امیر اسحا ق خان نے ضلع ملیر ، نائب امیر مسلم پرویز نے ضلع وسطی ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے ضلع غربی و ضلع سائٹ غربی اور کراچی کے ڈپٹی سیکریٹریز  یونس بارائی ، عبد الرزاق خان ، عبد الرحمن فدا اور ابن الحسن ہاشمی نے بھی مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کو ممبر شپ مہم کے حوالے سے آگاہ کیا اور دعوت دی کہ جماعت اسلامی کے ممبر اور قوت بن کر حکمرانوں کے خلاف عوامی حقوق کی جدو جہد اور تحریک کا حصہ بنیں ۔