تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف ڈگری لینا نہیں۔گورنرفیصل کریم کنڈی

راولپنڈی (صباح نیوز) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ معاشرے میں تعلیم و شعور سے امن کو فروغ ملتا ہے، نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت سے ہی ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، ملکی سرکاری و نجی تعلیمی ادارے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ انکی کردار ساز ی پر بھی خصوصی توجہ دیں,والدین اور اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کے نوجوانوں کو امن، معاشرتی آداب، صبر و تحمل سے آگے بڑھنے کا درس دیں تاکہ ایک خوشحال معاشرہ کی تکمیل کیساتھ ملک کو ترقی یافتہ بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روز راولپنڈی میں پنجاب کالج ڈی 9 کیمپس میں انٹرمیڈیٹ طالبات کی خیرمقدمی تقریب سے  سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کالج کادورہ  کیاانھیں شیلڈبھی پیش کی گئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے مزید کہاکہ کسی بھی معاشرے کو اگر مثالی بنانا ہو تو اس کی صرف تعلیم و تربیت پر توجہ دیں،معاشرہ خود بخود ہی مثالی بن جائے گا۔گورنر نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف ڈگری لینا نہیں بلکہ اسکے ساتھ اصلاح معاشرہ، تعمیر اور تہذیب سیکھنا بھی شامل ہے تاکہ طلبہ اپنی دینی، معاشرتی روایات اور اقتدار کا خیال رکھ سکیں۔گورنرنے کہاکہ نجی تعلیمی ادارے بھی  ملک بھر میں معیاری تعلیم و تربیت کی فراہمی میں مصروف عمل ہے اور ان کی تعلیمی خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے طالبات کو ایڈوائس کی کہ انٹر میڈیٹ آپ کے تعلیمی سفر کا سب سے اہم حصہ ہے اس کی کارکردگی آپ کے اگلے سفر کا تعین کرتی ہے،اگر یہاں آپ بہترین تعلیمی کارکردگی دکھائیں گی تو اگلی تعلیمی منزل آپ کیلئے بہت آسان ہو جائے گی۔