لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ڈی جی آئی ایس آئی تعینات


راولپنڈی (صباح نیوز)لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی ) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) تعینات کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے، وہ اس وقت جی ایچ کیو میں ایڈجوٹینٹ جنرل کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں، وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں علاوہ ازیں وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں، اس سے پہلے وہ ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں ۔واضح رہے کہ اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم انجام دے رہے ہیں۔