اسرائیلی اخبار نے عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیدیا


 تل ابیب(صباح نیوز)اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا گیا ہے۔آرٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اسرائیل مخالف بیان دینے کے باوجود اسرائیل سے بہتر تعلقات کے اشارے دیتے رہے، بانی پی ٹی آئی  اسرائیل کے لیے ہم خیال سیاستدان ہیں اور ان کی انتخابات میں کامیابی پاک اسرائیل تعلقات کاازسرنوجائزہ لینے کا موقع ہے۔

اسرائیلی اخبار کے آرٹیکل میں کہا گیا کہ اسرائیل دوست خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک فوائد ہیں لیکن پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ سے مزاحمت کا سامنا ہے، فوجی اسٹیبلشمنٹ نے طویل عرصہ اسرائیل کیساتھ تعلقات کومعمول پر آنے سے روکا، اس لئے اسرائیل سے تعلقات کے لئے پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو بدلنا ہوگا کیونکہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے حمایتی اور اسٹیبلشمنٹ و سیاسی قیادت کے مخالف ہیں۔

آرٹیکل کے مطابق اسرائیل سے تعلقات میں بانی پی ٹی آئی کا کردار کلیدی ہو گا کیونکہ وہ عوامی رائے اور فوجی پالیسی تبدیل کرنے میں کردار اداکر سکتے ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی پاک اسرائیل تعلقات کی بحالی تیزکر سکتی ہے اور ٹرمپ انتظامیہ سفارتی، معاشی فوائد سے پاکستان جیسے ممالک کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہے۔

آرٹیکل میں کہا گیا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے پاکستان کو اہم اقتصادی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، اسرائیل سے تعلقات سے پاکستان کو زراعت، سائبر سکیورٹی، دفاع اور مالی سرمایہ کاری جیسے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔