نبی پاکۖ کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، یوسف رضا گیلانی

اسلا م آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نبی پاکۖ کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی سیرت النبیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ۖ کی پیروری کرتے ہوئے ہمیں چاہیے کہ ہم دوسروں کی عزت کریں اور ایک ایسی دنیا قائم کریں جس کی بنیاد باہمی ہم آہنگی اور باہمی عزت و احترام پر رکھی گئی ہو۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حضور اکرمۖ کے مثالی کردار اور تعلیمات عالمی اسلام کے لیے روشنی ہیں، آپ ۖ نے مثالی کردار، دانشمندی اور امن و انصاف کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، آپۖ نے ہمیشہ امن، صبر اور بقائے باہمی کا پیغام دیا، آپۖ کی تعلیمات ہمارے لے مشعل راہ ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپۖ نے ان لوگوں کے لیے بھی اپنی محبت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا جنہوں نے ان کے خلوص کا جواب خلوص سے نہ دیا تھا، آپۖ نے معاف کرنے اور تفہیم کے عمل پر زور دیا، آپۖ تنازعات کا حل صلح صفائی سے نکالتے تھے۔

انہوں نے حدیث نبوی ۖ پڑھ کرسنائی جس کا ترجمہ یہ ہے کہ تم میں سے بہتر وہ ہے جو بہترین اخلاق کا مالک ہے، صحیح بخاری۔ یہ پیغام دوسروں کے عقیدے سے قطع نظر احترام اور مہربانی کے ساتھ برتا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نبی پاکۖ تفسیری معاشرے کا منہ بولتا ثبوت ہیں، تاریخی معاہدے میں مسلمان، یہودیوں اور دیگر برادریوں کے درمیان بقائے باہمی کا ایک معاشرتی نظام دیا،اس معاہدے نے باہمی حقوق اور ذمہ داریوں کے احترام اور ان کے تعین کو یقینی بنایا اور امن اور اتحاد کو فروغ دیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میثاق مدینہ ایک لازوال مثال ہے کہ کس طرح مختلف رنگ و نسل اور نظریات کے لوگ ایک دوسرے کے عقائد اور روایات کا احترام کرتے ہوئے ہم آہنگی کے ساتھ مل کر رہ سکتے ہیں، حدیبیہ نبی اکرمۖ کے پرامن مذاکرات کی ایک اور مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دور کے حالات کے تناظر میں صلح حدیبیہ نے معاشرتی امن اور استحکام قائم کرنے کے ضمن میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کی بدولت اسلام کا پیغام زیادہ موثر طریقے سے اجاگر ہوا، رسولۖ نے عالمی امن کے حصول کے لیے گرانقدر رہنمائی کرتے ہوئے ہمیں سکھایا کہ تنازعات کا حل اور امن کی جڑیں بات چیت، ہمدردی، صلح رحمی، بقائے باہمی اور انصاف کے عالمگیر اصول کی پاسداری میں ہے