شہریوں کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، سندھ ہائیکورٹ


کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آئین نے ضمانت دی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں مختلف علاقوں سے لاپتہ 6 شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر تفتیشی اداروں کی رپورٹس پر عدالت نے عدم اطمینان اور اظہار برہمی کیا۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ روایتی رپورٹس تیار کر کے آپ عدالت کو مطمئن نہیں کرسکتے۔عدالت میں تفتیشی افسر نے کہا کہ جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس کے متعدد اجلاس ہوچکے ہیں، تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، پورے ملک کی جیلوں اور دیگر اداروں کو خطوط لکھے ہیں۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی منظوری دی جاچکی ہے۔عدالت میں مالی معاونت کی پیشکش پر اہلخانہ برہم ہوگئے۔اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں محمد طاہر چاہیے، حکومت جتنی امداد دیتی ہے اس سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔درخواست گزار کے مطابق محمد طاہر کراچی کے علاقے نیو ٹائون سے 2018 سے لاپتہ ہے۔