ملک بھر میں حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا گیا


اسلام آباد ،لاہور،کراچی (صباح نیوز) ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔

جشن میلادالنبی ۖ پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

جشنِ عید میلادالنبیۖ کے موقع پر درود و سلام کی محفلیں سجاکر آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا گیا۔کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا یا گیا ، جگہ جگہ سٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا گیا تو کہیں مسجد نبویۖ  اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول نے محافل میلاد کا انعقاد کیا اور ریلیاں نکالیں۔

لاہور میں بھی جشن میلاد النبیۖ کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ، میلادالنبیۖ کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پشاور میں رحمت اللعالمینۖ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیۖ کی محافل کا انعقاد کیا گیا ۔کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغاں کیا گیا، محافل نعت اور میلادالنبیۖ کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا۔پنجاب میں ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں بھی محافل کا اہتمام کیاگیا،

بہاولنگر میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی اور 92 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا جبکہ راولپنڈی میں جشن میلاد النبیۖ کے سلسلے میں ہر سو رنگ و نور کی بہار رہی۔حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی عاشقان رسولۖ نے ریلیاں نکالیں اور محافل نعت کا اہتمام کیا۔جشن میلاد النبیۖ  کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔