حکمران اتحادی جماعتیں ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہیں،محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمران اتحادی جماعتیں ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ آئین سے متصادم اقدامات اور ذاتی مفادات کی خاطر پارلیمنٹ کا استعمال قابل مذمت ہے ۔ فارم 47کی جعلی حکومت ملک و قوم پر بھاری ہو چکی ہے ۔حکومت آئینی ترمیم کے معاملے میں عجلت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس سے شکوک و شہبات میں اضافہ ہو گیا ہے اس کو مسترد کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور فیصل آباد میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منصورہ سے جاری کردہ خبرکے مطابق ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کی جانب سے بجلی کے بلوں میں کیپسٹی چارجز کم کرنے سے انکار اور معاہدوں کے خلاف عالمی عدالت جانے کی دھمکی ، حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آئی پی پیز کی لوٹ مار ختم ، ایسے تمام معاہدے جو ملک و قوم کے مفادات کے منافی ہیں کو کالعدم قرار دیا جائے اورحکومت آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کو طول دینے کی بجائے دو ٹوک انداز میں فیصلہ کرے۔ظالمانہ معاہدے کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہیں۔پاکستان کے عوام نے اپنے خون پسینے کی کمائی ان کی جھولیوں میں ڈالی ہے اب یہ سلسلہ اور نہیں چل سکتا۔حکومت کے پاس وقت بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پی ڈی ایم ٹو کی حکومت کے پاس بھی کسی قسم کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں ہے،عوام کو ریلیف کے نام پر لالی پاپ دیا جا رہا ہے، کچن کینبٹ کے فیصلے اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں، یوں محسوس ہوتا ہے کہ 25کروڑ عوام کی کسی کو کوئی فکر نہیں۔ ہر ادارے میں اور شعبہ میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے،جب تک حکومت اداروں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالے گی اور چور راستوں کو بند نہیں کرے گی اس وقت تک اداروں کو درپیش مسائل، خسارے اور کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں۔ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکمرانوں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ رواں سال ترقیاتی بجٹ کا صرف51فیصد استعمال کیا جا سکا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس قابلیت، اہلیت،صلاحیت کے ساتھ ساتھ ترجیحات کی کمی اور وژن کا فقدان ہے۔جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے۔مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے۔ ملک چوروں، لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے۔مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے