ہماری کنپٹی پہ رکھ کرترامیم کرواناچاہتے ہیں ایسانہیں ہوگا ،عمرایوب

گوجرانوالہ (صباح نیوز)قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈ ر عمر ایوب نے کہا ہے کہ یہ لوگ ہماری کنپٹی پہ رکھ کرترامیم کرواناچاہتے ہیں ایسانہیں ہوگا ۔ گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا جولوگ یہ ترامیم کرناچاہ رہے ہیں وہ خطرناک ترامیم ہیں، ان کے  پاس نمبرزپورے نہیں یہ کیسے اس کوکرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ کے اوپر ایک عدالت بنانا چاہ رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ اپنی من مانی وہاں سے کروائیں، اس کی ہم نے مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بندوں کوایجنسیزنے اٹھایاجس کی  شکایت کمیٹی میں بھی کی ،کسی کے ماتھے پہ نہیں لکھاکہ کس کابندہ ہے، کمیٹی میں بلاو ل بھٹوزرداری،خورشیدشاہ،اعظم نذیر تارڑسب تھے،یہ لوگ ہماری کنپٹی پہ رکھ کرترامیم کراناچاہتے ہیں ایسانہیں ہوگا، ہم حق پرہیں یہ غلط راستے پہ ہیں ، ہمارارب ایسے اسباب بنائے گایہ غلط نہیں کرسکیں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے بھی مخالفت کی ہے، جب ترامیم ہوتی ہیں تو ایک ایک شق پر بحث ہوتی ہے، اینٹی منی لانڈرنگ پر 8 ماہ لگے اور اٹھارہویں ترمیم پر ایک سال لگا تھا، آئینی ترامیم کے لیے ایک دو دن نہیں، یہ مہینوں کا کام ہے۔