اسلام آباد(صباح نیوز) کشمیری رہنما محمد زاہد صفی نے کہا ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور بھارتی غلامی سے نجات کیلئے ہمیں ہر وقت اور ہر صورت مستعدد اور متحرک رہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار محمد زاہد صفی نے ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔ زاہد صفی نے کہا کہ جس راستے کا ہم نے سوچ سمجھ کر انتخاب کیا، اس راستے میں چاہے پتھر آئیں یا پہاڑ،باد صبا آئے یا طوفان ہم نے ہر صورت منزل کی جانب محو سفر رہنا ہے۔ہم ایک عظیم مقصد کی خاطر اسی کرب و بلامیں کود چکے ہیں نہ کہ کسی حقیرمفاد کی خاطرگھر اور وطن کو چھوڑا ہے۔ہم نے دھارے کا رخ موڑنا ہے نہ کہ کسی خس و خاشاک کی خاطربہتے چلے جانا ہے۔جو لوگ نتائج کی پروا کئے بغیر مصروف عمل رہتے ہیں۔کامیابی ایسے ہی لوگوںکے در پر دستک دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں ذرائع ابلاغ کا کردار اہم ہے۔قلم اور قرطاس اگر مقصد جدو جہد کی خاطر استعمال ہو تو یہ تحریک کو مہمیز دیتا ہے اور منزل بھی قریب تر ہو جاتی ہے۔قلم اقوام کو بیدار یا بیزار کر دیتا ہے۔ہم امید رکھتے ہیں کہ ہمارے ساتھیوں کا قلم شخص پرستی کے بجائے مقصد پرستی کا علم لے کر بیزاری کے بجائے بیداری کاکام سر انجام دیتا رہے۔