الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ کے تحت ملک بھر میں بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے لئے اسٹڈی سنٹرزقائم ہیں،کلثوم رانجھا

لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ کے تحت ملک کے مختلف اضلاع میں بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے لئے157 اسٹڈی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں ان خواتین کو ماہانہ بنیادوں پر وظائف کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی ،نفسیاتی اورمعاشی ضروریات کے مطابق مختلف اسٹڈی پروگرام کئے جاتے ہیں۔ ویمن ونگ کی صدر کلثوم رانجھا نے اظہارخیال کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کے نفسیاتی مسائل کے حل کے لئے مختلف سائیکالوجسٹ کے ذریعے کونسلنگ کی جاتی ہے۔طبی لحاظ سے ان کی ہیلتھ اسکریننگ کی جاتی ہے اور علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔قران و سنت سے متعلق مختلف موضوعات پر پروگرامز کے ذریعے ان کی تربیت بھی جاری ہے۔

الخدمت کے تحت رجسٹرڈ ان ماوں کی صلاحیت کے مطابق ان کے روزگار کے انتظام کے لئے مختلف ٹریننگ کورسز بھی کروائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے گھر کی کفیل بھی بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن بیوہ خواتین کے بچوں کی کفالت بھی کر رہی ہے۔ ان بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ ان بچوں کو صحت کی مکمل سہولیات بھی فراہم کی ہے ۔ صدر الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ نے کہاکہ معاشرے میں یتیم اور بیوہ ایسا مظلوم اور مستحق طبقہ ہے جن کی طرف معاشرے کے مخیر حضرات کو توجہ کی ضرورت ہے۔یتیم کی کفالت پر نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نیجنت میں اپنا ساتھی بننے کی بشارت دی ہے