ن لیگ کی سی ای سی کا اجلاس:نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار، حکومت مخالف تمام فیصلوں کا اختیار دیدیا


لاہور،لندن (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے قائد نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا جبکہ حکومت کیخلاف تمام فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دیدیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پارٹی قائد نواز شریف نے لندن سے اور پارٹی صدر شہبازشریف نے لاہور سے کی۔ ورچوئل اجلاس میں( ن) لیگ کی سینئر قیادت، مرکزی عہدیدار اور صوبائی پارٹی صدور نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا۔

شرکاء نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور نااہل حکومت کے خلاف تمام آئینی سیاسی فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دیدیا۔مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے ن لیگ صدر شہباز شریف کو تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا میںمنڈیٹ دے دیا۔اجلاس کے دوران شہباز شریف کو مینڈیٹ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام دشمن حکومت کے خلاف عوامی۔ سیاسی اور جمہوری اقدامات کے لئے تمام جماعتوں سے رابطے کریں،ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق شرکا سی ای سی ن لیگ نے مزید کہا کہ عمران خان سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق شرکا اجلاس نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سے نجات کیلیے جو بھی آئینی و قانونی طریقہ کار استعمال ہو پارٹی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔علاوہ ازیں پارٹی کے قائد نواز شریف نے شہبازشریف کو حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس فوری بلانے کی ہدایت کردی ہے۔سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف پی ڈی ایم اجلاس میں عدم اعتماد سمیت قانونی راستے اختیار کرنے کے لیے کردار ادا کریں،

ذرائع کے مطابق ن لیگ کی سی ای سی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ عوام کی حالت زار اور حکومت کی نااہلی اور ہر میدان میں ناکامی کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی میں اتفاق رائے ہے عمران خان کی حکومت کو جانا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہر وہ روز جس دن پی ٹی آئی حکومت کو رہنے دیا جائے گا اس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ کسی ایک رکن نے بھی اختلاف نہیں کیا۔ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز  نے کہا کہ ن لیگ کے سی ای سی اجلاس میں تمام اراکین نے نواز شریف پر مکمل اور غیر مشروط اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ان کی طرف سے لیے گئے تمام فیصلوں کی حمایت کرے گی۔