راولپنڈی (صباح نیوز)گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور ضرورلاہور آئیں ا ن کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں،علی امین گنڈا پور کو پاس بٹھا کر سمجھاؤنگا کہ ہٹ دھرمی کی سیاست نہیں چلتی بد امنی نہ پھیلائیں،حکومت مولا جٹ کے نعروں سے نہیں چل سکتی،ہم سب نے مل کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے پیر کو مدرسہ تعلیم القرآن راجہ بازار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا خطیب پارلیمان مولانا قاری احمد الرحمان ، جماعی کے مہمتم مولانا اشرف علی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ گورنرسردارسلیم حیدر نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست انتشار کی سیاست ہے،تحریک انصاف والوں کو اب بڑا ہونا پڑے گاَ گورنر پنجاب نے وزیر اعلی گنڈا پور کو مشورہ دیا ہے کہ غیر زمہ دارانہ رویے سے اجتناب کریں، وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا حالیہ بیان غیر زمہ دارانہ ہے، مذمت کرتے ہیں۔
گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نے قادیانیوں کوآئینی طور پر غیرمسلم قراردینے والی قومی اسمبلی کے ارکان اور اس معاملے میں کردار اداکرنے والے اکابرین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی سابق وزیراعظم زوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں تمام اکابرین، عقیدہ ختم نبوتۖ کے تحفظ کے لئے نہ صرف متحد ہوئے بلکہ اہل اسلام کے جزبات کی ترجمانی کرتے ہوئے آئینی طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم قراردینے کی تاریخی کامیابی حاصل کی،صدر پاکستان آصف علی زرداری کوان اکابرین کے لئے قومی اعزازت کے اعلان کی سفارش کروں گا ۔گورنر نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کو مزیدبہتربنانے کی ضرورت ہے ۔گورنر پنجاب مدرسہ تعلیم القرآن راجہ بازار کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، گورنر پنجاب مدرسہ تعلیم القرآن راولپنڈی قیام پاکستان سے قبل سے دین کی خدمت میں مصروف عمل ہے، تمام فرقوں کی موجودگی اور بیرونی دنیا کی سازشوں کے ہوتے ہوئے علما کرام کی زمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اللہ اور اس کے رسولۖ کے نام پر بنا ہے،ملک میں امن و امان کے لئیے علما کا کردار انتہائی اہم ہے، عقیدہ ختم نبوتۖ کے تحفظ کے حوالے سے بھی مدرسہ تعلیم القرآن کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔