راستے بند مت کرو، راستہ نکالو اس سے قبل کہ ملک بند گلی میں چلا جائے،بیرسٹر گوہر خان

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف وفاقی دارالحکومت کے علاقے سنگجانی مویشی منڈی میں  ایک بڑے جلسہ  عام کے ذریعے  بھرپورعوامی قوت کے مظاہرہ میں کامیاب ۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سیکڑوں گاڑیوں، ہیوی مشینری اور ہزاروں کارکنوں کے ساتھ سنگجانی انٹر چینج سے ہوتا ہوا جلسہ گاہ پہنچا تو شرکا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اقتدار کی راہداریوں کی کنجیوں کے حامل لوگوں کو ایک چیز بتانا چاہتا ہوں کہ اپنی قوم کے بارے میں سوچو، اس جم غفیر کو اقلیت نہ سمجھو، ان لوگوں کی آواز کو مت دبانا، غیراہم مت سمجھنا۔انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راستے بند مت کرو، راستہ نکالو اس سے قبل کہ ملک بند گلی میں چلا جائے، یاد رکھو کہ جس نے قوم کی آواز کو دبایا وہاں  ملک قوم نہیں رہتی، وہاں کوئی ادارہ باقی  نہیں رہتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چھ ماہ سے جلسہ منعقد کرنا تھا لیکن عمران خان کا حکم تھا کہ ہمیں این او سی کے ساتھ جلسہ کرنا ہے، آج ہر جگہ کنٹینر تھے لیکن خان صاحب کے ٹائیگر پھر بھی پہنچے، خان صاحب کی آواز پر لبیک کہیں گے اور بہت جلد وہ رہا ہوں گے، یہ ساری قوم قیدی نمبر 804 کے ساتھ ہے ۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہوگا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟۔جلسے سے تحریک انصاف کے رہنماؤں علی محمد خان، اعظم سواتی، عالیہ حمزہ، عمر چیمہ، سلمان اکرم راجا اور دیگر  نے بھی خطاب کیا۔