ادھم پور اور گاندربل اضلاع سے دو افراد کی لاشیں برآمد


 سری نگر— مقبوضہ جموں و کشمیر میں ادھم پور اور گاندربل اضلاع سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ضلع ادھم پور کے علاقے ڈوڈو بسنت گڑھ میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 25سالہ شخص منظور احمد کی لاش برآمد کی گئی۔

ضلع گاندربل کے علاقے وائل میں ایک نالے سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے لاش کو دریا میں تیرتے ہوئے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

انہوں نے کہاکہ لاش کو قریبی اسپتال منتقل کیاگیا، تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔دریں اثنا  مغل روڈ پر شکار گاہ کے قریب ایک گاڑی چٹان کے ساتھ ٹکرانے سے اس میں سوار ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گاڑی پونچھ سے سرینگر جا رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت پونچھ سے تعلق رکھنے والے سلیم احمد کے نام سے ہوئی ہے۔