جھنگ(صباح نیوز)کیڈٹ کالج جھنگ میں یوم دفاع اور یوم شہدا کی یاد میں 7 ستمبر کو ایک انتہائی پروقار اور پرمغز تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قوم کے بہادر شہدا اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت اور سلامتی کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔
تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد کیڈٹس نے ایک متاثر کن اور نظم و ضبط سے بھرپور پریڈ اور سلامی کے ذریعے اپنے وطن کے ہیروز کو سلامی پیش کی۔
پریڈ میں شامل کیڈٹس نے اپنے جوش و جذبے اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاع وطن کی ذمہ داری کو نبھانے کا عہد کیا۔تقریب کے مہمانان خصوصی نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ شہدا کی لازوال قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قوم اپنے ان بہادر بیٹوں کی مرہون منت ہے، جن کی قربانیوں کے بغیر آج کی آزادی ممکن نہیں تھی۔
کیڈٹ کالج جھنگ کے سی-ای-او کمانڈر (ر)صہیب فاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع اور یوم شہدا ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، جو ہمیں اتحاد، یگانگت اور وطن سے محبت کا سبق دیتے ہیں۔ انہوں نے کیڈٹس کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان نسل ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ان میں وطن سے محبت اور دفاع کا جذبہ دیدنی ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے قومی ترانہ گایا اور شہدا کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ، طلبا، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس تقریب کو کامیاب بنایا۔