روم (صباح نیوز)تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہا ہے لاکھوں تارکین وطن کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔انسانی آزادیوں اور حق خودارادیت پر یقین رکھنے والے کشمیریوں کا ساتھ دیں۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جائز جدوجہد کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحریک کشمیر اٹلی کے زیر اہتمام بریشیا میں یوم یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف۔ترکی کے معروف شاعر ترگئے ایورن اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اٹلی کے شہر بریشیا میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے 6 فروری اظہار یوم یکجہتی کشمیر پروگرام میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کر کے نئی تاریخ رقم کر دی پورے اٹلی سے تحریک کشمیر اٹلی اور مشترکہ تنظیمات کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں افراد نے قافلوں کی صورت میں شرکت کی۔
صوبہ،ناپولی، روم، بلونیا، ویچینزا، پارما،مانتوا، ویرونا،ترینتو، روریتو،بلزانو،بریشیا،بیرگامو،پیوتیلو،میلانو،کومو، اور دیگر شہروں سے قافلوں نے بسوں، گاڑیوں،کی صورت میں شرکت کی،یہ پروگرام آپنی نوعیت کا پہلا اور اٹلی بریشیا کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاجی پروگرام ہوا
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فہیم کیانی نے کہا کہ نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کیا ہوا ہے سواکروڑ کشمیری گزشتہ ڈھائی برس سے یرغمال ہیں سکول کالجز اور جامعات بند ہیں۔ہندوستان کی 15لاکھ قابض افواج انسانی حقوق کی دھجیاں آڑارہی ہے۔ماورائے عدالت کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے قابض فوج جعلی مقابلوں کا ڈرامہ رچا کر نوجوانوں کو شہید کررہی ہے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے اندر ڈیموگرافی تبدیل کی جارہی ہے 35لاکھ غیر کشمیری انتہا پسند ہندووں کو ڈومسائل جاری کیے گئے ہیں۔عالمی برادری ہندوستان کے ان جرائم کا نوٹس لے کشمیری طلوع صبح آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔