اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خان نے کہاہے کہ نوجوانوں اور خواتین کو بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کا حصہ بناکر ریاست کے آزاد خطوں میں حقیقی تبدیلی لائیںگے،5لاکھ سے زائد افرادکو جماعت اسلامی کا ممبر بناکر آزا دخطوں کو تحریک آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنائیںگے،5لاکھ شہداء کا مقدس لہو ہندوستان کے حصے بخرے اور کشمیرکی آزادی کا عنوان بنے گا،شیخ عبداللہ کے چنگل سے جماعت اسلامی نے قوم کو نکلا اور ہندوستان کے جبری قبضے کے خلا ف آزادی کی شمع جلائی ،ریاست کے آزاد خطوں پرمسلط نالائق قیادت سے جماعت اسلامی ہی نجات دلائے گی،کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا ایجنڈ اہے ،
ان خیالات کااظہارانھوں نے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع مرکزی نائب امراء نورالباری ،شیخ عقیل لرحمان ڈاکٹررحما ن،راجہ فاضل تبسم سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان سمیت دیگر قائدین نے گفتگوکی ،اجلاس میں سابق کام کاجائزہ لیاگیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے،
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے لے کر کارکن تک ہر فرد پوری یکسوئی کے ساتھ اللہ کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرے اللہ کے پیغام کواللہ کے بندوں تک پہنچائے،فیلڈ کے اندر جماعت اسلامی کے لیے بڑی گنجائش موجود ہے ریاست کی تمام پاور پالیٹکس کرنے والی پارٹیاں فیل ہوچکی ہیں عوام کے مسائل حل نہیں کرسکیں،کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا مطلوبہ کردار کرنے کی بجائے اس سے روگردانی کی ہے ،آزاد کشمیرکی قیادت حقیقی کردار ادا کرتی تو آج کشمیرآزاد ہوتا اس نالائق قیاد ت نے نہ تو آزاد کشمیرکے مسائل حل کیے اور نہ ہی کشمیرکی آزادی میں اپناکردار اداکیا،اب وقت آگیا کہ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں جماعت اسلامی نظام بھی بدلے گی او رکشمیربھی آزاد کرائے گی۔