سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965 کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابلِ فخردن ہے جب کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ اپنے چھوٹے سے پڑوسی ملک پر کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں فوجی حملہ کر دیا۔
چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان پر سینئر حریت رہنما نے کہا ہے کہ اس چھوٹے مگر غیور اور متحد ملک نے اپنے دشمن ملک کے جنگی حملہ کا اس پامردی اور جانثاری سے مقابلہ کیا کہ دشمن کے سارے عزائم خاک میں مل گئے۔ چیئرمین اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیرنے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر بھی اسے بھارت کو شرمندگی اٹھانا پڑی ہے اور آئندہ بھی اٹھائے گا۔ 1965 کی اس پاک بھارت جنگ میں ثابت ہوا کہ جنگیں ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی لڑی اور جیتی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر سال 6 ستمبر کویوم دفاع پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے۔
چیئرمین نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن کشمیر کے لوگوں کو یہ یقین دلاتا ہے کہ مملکت خدا داد پاکستان اتنا طاقتور ہے کہ جنگ میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر سکتا ہے۔ چیئرمین نے پاک فوج کو اقبال کے شاہینوں سے تشبیہ دے کر تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی سرزمین کی فضاوں اور بحر و بر کی اچھی طرح حفاظت کی ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور مملکت خدا داد پاکستان کا قدرتی اور ناقابل تنسیخ حصہ بنے گا (ان شا اللہ تعالی) چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کے حوالے سے اپنا مذموم ایجنڈہ ترک کرے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کے لئے مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلا کرے۔