اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور پاکستان کو عالمی سرمایہ کاروں کے لئے مسابقتی اور پرکشش مقام بنانے میں پرعزم ہے، سٹینڈرڈچارٹرڈ کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک میں کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ کے گلوبل ہیڈ سنیل کوشل کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں کہی۔
اجلاس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے سی ای او ریحان شیخ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی موجودتھے۔بات چیت کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان میں کلی معیشت کے اشاریوں کی مثبت رفتار کاحوالہ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ سینیٹر اورنگزیب نے کہاکہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور پاکستان کو عالمی سرمایہ کاروں کے لئے ایک مسابقتی اور پرکشش مقام بنانے میں پرعزم ہے۔بات چیت میں حکومت پاکستان اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے درمیان خاص طور پر انفراسٹرکچر کی ترقی، ڈیجیٹل بینکنگ اور پائیدار مالیات جیسے شعبوں میں ممکنہ تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک میں کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ کے گلوبل ہیڈ سنیل کوشل نے پاکستان کے معاشی منظرنامہ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی وابستگی کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کو وسیع مواقع کے حامل ملک کے طور پر دیکھتا ہے، ہم موجودہ اور آنے والے برسوں میں ملک کے معاشی عزائم کو پورا کرنے میں ممکنہ تعاون فراہم کرنے کیلئے تیارہیں۔ فریقین نے آنے والے مہینوں میں سرمایہ کاری کے مخصوص منصوبوں کی تلاش پر اتفاق کیا، وزیر خزانہ نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اوربینک کو حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا